اسلام آباد، 12 اگست( اے پی پی ): بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ہیڈکوارٹرز میں 78ویں یومِ آزادی اور پاک فوج کے تاریخی “معرکۂ حق” کے حوالے سے پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد، سیکرٹری عامر علی احمد، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عصمت نواز، ڈائریکٹر جنرلز، ترقیاتی شراکت دار، پارٹنر بینکس کے نمائندگان اور عملہ نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ جس طرح افواجِ پاکستان نے قوم کی آزادی اور تحفظ کو یقینی بنایا، بی آئی ایس پی بھی اپنی بینیفشریز کو سہولت اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل بینکنگ کے ذریعے رقوم کی وصولی کا حق دے کر معاشی طور پر خودمختار بنا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک کروڑ خواتین کو بینکنگ نظام کا حصہ بنایا جا رہا ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہدایت پر مستحق خواتین کو باعزت اور شفاف ادائیگیوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے، اور IBAN نمبرز و فل مینڈیٹ اکاؤنٹس کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے کہا کہ جس طرح فوج سرحدوں کی محافظ ہے، بی آئی ایس پی غربت اور معاشی ناانصافی کے خلاف صفِ اول میں ہے۔ تقریب کا اختتام جشنِ آزادی کا کیک کاٹنے کے ساتھ ہوا۔











