‎ آزادی ایک عظیم نعمت اور فخر کا دن ہے، جسے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے، سید علی ناصر رضوی

14

‎اسلام آباد، 13 اگست ( اے پی پی): انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی ایک عظیم نعمت اور فخر کا دن ہے، جسے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ قانون کا احترام اور شہری ذمہ داریوں کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔

‎آئی جی اسلام آباد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ آزادی کی خوشی میں ، ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ جیسے غیر قانونی اقدامات سے گریز کریں۔ ‎انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات اور پارکوں میں آنے والی فیملیز اور خواتین کو کسی قسم کی ہراسانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

‎انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے یوم آزادی کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں، جن کے تحت 4,000 سے زائد پولیس افسران شہر بھر میں تعینات ہوں گے۔ قانون شکنی کرنے والوں، ہوائی فائرنگ کرنے والوں اور عوامی سکون میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

‎آئی جی نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس کا ہر افسر شہریوں کی حفاظت پر مامور ہے۔ یہ آزادی اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ ہم نے ایک تاریخی فتح حاصل کی، اور ہمیں اپنی بہادر افواج پاکستان پر فخر ہے۔‎اس کے علاوہ انہوں نے   ہدایت کی کہ   کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن نمبرز 15، 1915، 1715 یا 1815 پر اطلاع دیں۔

 اسلام آباد پولیس 24 گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن سڑکوں پر موجود ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔