اسلام آباد، 13 اگست (اے پی پی ): وزیر تجارت جام کمال خان سے آٹو انڈسٹری کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی، جس میں سیکٹر کے مسائل اور ترقی کے امکانات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزیر تجارت نے آٹو انڈسٹری کے مسائل کے حل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا، جس میں وزارت تجارت، ایف بی آر اور وزارت صنعت و پیداوار کے نمائندے شامل ہوں گے۔
جام کمال خان نے کہا کہ مقامی آٹو انڈسٹری کو پرانی گاڑیوں کی درآمد کے منفی اثرات سے بچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور آٹو سیکٹر کی ترقی و برآمدات کے لیے جامع حکومتی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریکٹر اور موٹر سائیکل کے بعد اب کاریں بھی برآمد کی جائیں گی، جبکہ آٹو انڈسٹری کو نئی انڈسٹریل پالیسی میں شامل کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی آٹو مارکیٹ میں صحت مند مقابلہ فروغ پا رہا ہے اور آئندہ پانچ سال میں آٹو سیکٹر پر ٹیرف بتدریج کم کیے جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ درآمدی پرانی گاڑیاں معیار اور ماحولیاتی تقاضوں پر پوری اتریں۔
وفد نے نئی ٹیکنالوجی سے پیداوار لاگت بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا، جس پر وزیر تجارت نے یقین دہانی کرائی کہ امریکا سے ٹیرف کمی کے معاہدے سے آٹو برآمدات کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔











