مری،13 اگست(اے پی پی):معروف کاروباری و سماجی شخصیت حاجی محمد فاروق نے کہا ہے کہ آزادی ایک انمول عطیہ ہے جو بے شمار قربانیوں کے بعد ہمیں حاصل ہوئی۔ ہماری نوجوان نسل اس نعمت کی حفاظت اور ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار معروف کاروباری و سماجی شخصیت حاجی محمد فاروق نے پنجاب آرٹس کونسل مری کے زیرِ اہتمام منعقدہ ٹیبلو شو کے اختتام پر کیا۔ تقریب میں مختلف اسکولوں کے طلباء نے پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور پاک فوج کی معرکۂ حق میں خدمات و قربانیوں پر مبنی رنگارنگ ٹیبلو پیش کیے۔
شرکاء نے نہ صرف جشنِ آزادی کا جوش و خروش سے اہتمام کیا بلکہ پاک فوج کو لازوال قربانیوں اور تاریخی فتح پر خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔
تقریب میں لیگی رہنما منیر عباسی، حمید عباسی، محمد تحسین سرفراز سب انجینئر لوکل گورنمنٹ، شاعرہ و سماجی کارکن شکیلہ صابر، مختلف اسکولز کے اساتذہ و ہیڈز، میڈیا نمائندگان اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔











