چیف ٹریفک آفیسر ملتان کی قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد، ون ویلنگ اور شور شرابے سے گریز کی اپیل

19

ملتان 13 اگست(اے پی پی )؛ چیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد کاشف اسلم  78ویں یومِ آزادی کے موقع پر شہریوں کو جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ 14 اگست کا دن ہمیں اس حقیقت کی یاد دلاتا ہے کہ یہ ملک ہمارے بزرگوں اور بہادر جانبازوں نے بے شمار قربانیوں اور جدوجہد کے بعد حاصل کیا۔ اس دن ہمیں اُن قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے آزادی کی قدر کرنی چاہیے۔

پیغام میں کہا گیا کہ شہری جشنِ آزادی کے موقع پر اپنے گھروں سے نکلیں، فیملی کے ساتھ خوشیاں منائیں، اور ٹریفک پولیس کی فراہم کردہ سہولیات سے مستفید ہوں۔ ساتھ ہی ملتان کے شہریوں سے ون ویلنگ، شور شرابے اور سائلنسر نکال کر شور پیدا کرنے سے گریز کی اپیل کی گئی تاکہ سب لوگ پُرامن ماحول میں جشن منا سکیں۔

مزید کہا گیا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے، اور اس کی قدر وہی جانتا ہے جو آزاد نہیں۔ دنیا میں کئی ایسے ممالک ہیں جہاں لوگ یومِ آزادی منانے سے محروم ہیں، اس لیے ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک آزاد ملک کے شہری ہیں۔ پیغام کے آخر میں دعا کی گئی کہ اللہ پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے۔