کوئٹہ، 13 اگست (اے پی پی) صوبائی مشیر برائے کھیل و نوجوانان، مینا مجید، کی خصوصی ہدایت پر یومِ آزادی کے موقع پر کوئٹہ میں پینٹنگز کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ اس مقابلے کا مقصد نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں آزادی کے تاریخی دن کی اہمیت سے روشناس کرانا تھا۔ پیٹنگز کا انعقاد کوئٹہ کی ائیر پورٹ روڈ پر کیا گیا، جہاں مختلف کالجز کے طلباء اور طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اس مقابلے میں حصہ لینے والے فنکاروں نے اپنی پینٹنگز کے ذریعے آزادی کی جدوجہد، قومی ہیروز اور پاکستان کے خوبصورت مناظر کو پیش کیا۔ ان کی تصاویر میں پاکستانی پرچم کے رنگ، علامہ اقبال اور قائداعظم کے پورٹریٹ، اور صوبہ بلوچستان کی ثقافت کے دلکش پہلو نمایاں تھے۔ نوجوانوں نے اپنے فن کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ وہ اپنے وطن سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور اس کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہیں۔











