یوم آزادی ، معرکۂ حق : وفاقی وزیر احسن اقبال  کا قوم کے نام پیغام

18

اسلام آباد، 14 اگست (ٓے پی پی ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے قوم کو پاکستان کے یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن خوشیوں اور فخر کا دن ہے، اور آج ہم معرکۂ حق میں کامیابی پر شکر گزار  ہیں اور جشن منا رہے ہیں۔

یوم آزادی کے موقع پر  اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ قوم نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ کوئی دشمن پاکستان پر میلی نگاہ نہیں ڈال سکتا اور ہماری مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

آپریشن “بنیان المرصوص” میں دفاعی شعبے میں حاصل ہونے والی بے مثال کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب وقت ہے کہ معرکۂ حق معاشی اور اقتصادی میدان میں لڑا جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ “اڑان پاکستان” پروگرام کے تحت ملک کو ناقابل تسخیر اقتصادی قوت بنایا جائے گا اور 2035 تک پاکستان کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت میں تبدیل کرنے کے لیے استاد، ڈاکٹر، انجینئر، تاجر، کسان اور مزدور کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ “اڑان پاکستان” نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کرے گا تاکہ وہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں۔

پروفیسر احسن اقبال نے قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کی فکر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے آزادی کی قربانیوں کی بدولت ہم آج ایک آزاد وطن کے مکین ہیں۔