اسلام آباد، 16 اگست ( اے پی پی): ملک کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر وزیراعظم نے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی خود نگرانی شروع کر دی ہے۔
متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور عوام کو محفوظ مقامات تک منتقل کرنے کیلئے وزیراعظم مسلسل چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سے رابطے میں ہیں۔
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی سامان کی ترسیل کا خود جائزہ لیا۔
وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ سیلاب متاثرین کو خیمے، ادویات، فوری طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں۔ ساتھ ہی این ڈی ایم اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوام کو موسمی صورتحال سے بروقت آگاہ کریں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے مکمل تیاری رکھیں۔
وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے اداروں کے ساتھ رابطے مزید موثر بنانے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند راستوں کی فوری بحالی کے لیے بھی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ بند شاہراہوں پر پھنسے مسافروں کو جلد از جلد امداد فراہم کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی کارروائیوں میں تیزی لائیں تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔











