شانگلہ ، 17 اگست ( اے پی پی): وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے اپنے آبائی ضلع شانگلہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ یہ دورہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کیا گیا، تاکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے مختلف علاقوں میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کا مشاہدہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ دورے کے دوران ایک شدید زخمی بچے کو فوری طور پر پشاور منتقل کرنے کے احکامات دیے گئے۔
انجینئر امیر مقام نے گنبد چاگم درہ میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان سے اظہار تعزیت کیا اور اپنی ذاتی حیثیت میں مالی امداد فراہم کی۔ انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پورن میں سیلاب کے دوران زخمی ہونے والے شہریوں کی بھی عیادت کی۔
اس کے علاوہ، امیر مقام نے آلوچ پورن کے ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بحالی کا عمل تیز کیا جائے گا اور وفاقی حکومت متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم شہباز شریف خود امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں اور وفاقی حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ متاثرہ علاقوں میں معمولات زندگی جلد بحال ہو سکیں۔











