ملتان جیسمین لائنز کلب 2025-26  کا عاصمہ ارسلان کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد

69

ملتان،20اگست(اے پی پی):ملتان جیسمین لائنز کلب 2025-26 کاا ہم اجلاس نو منتخب صدر عاصمہ ارسلان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اس موقع پر سابق صدر شائستہ ذیباء نے نومنتخب صدر عاصمہ ارسلان، سیکرٹری سعدیہ ملک اور خزانچی نرگس اشفاق کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور صدر کے عہدے کی کالر پن بھی پہنائی۔اجلاس سے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ گورنر لائنز کلبز انٹرنیشنل پاکستان ڈاکٹر نثار احمد چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی فلاح و بہبود ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کی کنجی ہے۔ اُنہوں نے ملتان جیسمین لائنز کلب کی خدماتی اور فلاحی منصوبہ جات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین ممبران کی تعداد میں اضافہ اس کلب کی نمایاں کارکردگی کا ثبوت ہے۔ اسی کارکردگی کی بنیاد پر لائنز کلبز انٹرنیشنل کی جانب سے کلب کو خصوصی ایوارڈ پن سے نوازا گیا ہے۔ڈاکٹر نثار احمد چوہدری نے نومنتخب عہدیداران کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور اُمید ظاہر کی کہ ان کے دور میں عوامی و فلاحی منصوبوں میں مزید بہتری اور وسعت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کلب کے اراکین کو تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خاص توجہ دینی چاہیے، خصوصاً شوگر جیسے مہلک مرض کی روک تھام اور علاج کے لیے میڈیکل کیمپوں کا انعقاد ناگزیر ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر نواں شخص اس مرض کا شکار ہے، جو انسانی جسم کو اندر سے کھوکھلا کر دیتا ہے۔صدر عاصمہ ارسلان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ کلب کی سابقہ قیادت کی خدمات کو سراہتی ہیں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مزید موثر اور نتیجہ خیز منصوبے متعارف کروائیں گی۔ اجلاس سے سیرت فاطمہ، عفیفہ شہزاد، شہناز ذوالفقار، فرحت شفیق اور عروسہ، فرحت شفیق، عالیہ افضل، سمیرا اخلاق،فرح دیباء،مسز انجم جیلانی،مسز مہوش انجم،رانااسلم، ڈاکٹر باسط رمضان، محمد زوہیب، عطیہ حمید،جیسمین فرخ،سویراخالدسمیت دیگر ممبران بھی اجلاس میں شریک تھیں۔