لاہور، 20 اگست (اے پی پی): ترجمان پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پنجاب میں چینی کی سپلائی اور نرخوں پر عملدرآمد کے حوالے سے حکومت کی جانب سے قائم کردہ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے پہلے اجلاس میں بڑے فیصلے کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں شوگر ملز ایسوسی ایشن اور کین کمشنر پنجاب نے اتفاق کیا کہ عام مارکیٹ میں چینی کی سپلائی کو دوگنا کیا جائے گا۔ اب 30 فیصد کے بجائے 60 فیصد چینی عام مارکیٹ میں فراہم کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق صنعتی صارفین کو 70 فیصد کے بجائے 40 فیصد چینی فراہم کی جائے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کے جاری کردہ ہول سیلرز کو 30 فیصد جبکہ شوگر ملز کے نامزد ڈیلرز کو بھی 30 فیصد چینی فراہم کی جائے گی۔ مارکیٹ میں ناجائز ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری سے بچنے کے لیے ہول سیلرز اور ڈیلرز کی الگ الگ فہرستوں کا ریکارڈ رکھا جائے گا۔ واضح رہے کہ سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ نے صوبے میں چینی کی موثر سپلائی اور نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کوآرڈی نیشن کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایات جاری کیں تھیں۔











