وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام کا صوابی کے حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دورہ

11

صوابی،20اگست(اے پی پی):وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے بدھ کو صوابی کے حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقے دالوڑی کا دورہ کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اس مشکل کی گھڑی میں پوری قوم، حکومت اور ادارے متاثرین سیلاب کے ساتھ ہیں، آج وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خود بونیر آنا اس بات کی دلیل ہے۔

 وفاقی وزیر نے صوبائی حکومت کی اعلان شدہ گرانٹ کے علاوہ وزیراعظم پاکستان کی طرف سے ہر شہید کے ورثاء کےلیے 20، 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا. وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ صوابی کے متاثرہ علاقے کی بجلی دو دن میں بحال کریں گے۔ انہوں نے اپنے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور شہداء کے بلند درجات کےلیے دعا کی۔

 اس موقع پر صوابی مسلم لیگ (ن) کی رہنما بھی موجود تھے. وفاقی وزیر انجینئرامیرمقام نے فاتحہ خوانی کے بعد متاثرہ علاقے کا تفصیلی دورہ کیا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے ریسکیو و ریلیف آپریشن میں حصہ لینے والے تمام محکموں، غیر سرکاری تنظیموں اور عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔