اسلام آباد، 27 اگست(اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تعمیر ہاسٹل کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا، اکیڈ میں کمروں کی کمی کے بعد اکیڈمی کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر کام تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ وزیر داخلہ نے 126 کمروں پر مشتمل گیارہ منزلہ ہاسٹل کی تعمیر پانچ ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔
وزیر داخلہ نے اکیڈمی کے سوئمنگ پول کا معائنہ کیا۔ زیر تربیت پولیس افسران کے درمیان سوئمنگ مقابلہ دیکھا ۔ پروبیشنرز و انسٹرکٹر کی حوصلہ افزائی کی ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیر تربیت افسران کے کلاس روم کا دورہ کیا اور ان سے ملاقات کی۔ وزیر داخلہ نے آفیسرز میس کا دورہ کیا اور اے ایس پیز کے ساتھ بیٹھ کرکھانے کا معیار چیک کیا ۔
وزیر داخلہ نے زیر تربیت افسران کی تجاویز لیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ تعمیراتی کام میں رفتار کے ساتھ معیار پر بھی کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں اہم اجلاس کی صدارت بھی کی۔
اجلاس میں نیشنل پولیس اکیڈمی کی تنظیمِ نو اور گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ زیر تربیت افسران کی ایف آئی اے، فرانزک ایجنسی سمیت دیگر اداروں سے اٹیچمنٹ کے فیصلے پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
ڈپٹی کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ نیشل کمانڈ کورس کرنے والے اے ایس پیز کو ایم ایس کریمنالوجی اور پولیس سٹڈیز کی ڈگری ایوارڈ کرنے کی منظوری ہو چکی ہے، تربیتی پروگرام میں تھانوں کے باقاعدہ دورے، سیف سٹی، ایف آئی اے، سائبر کرائم اور فرانزک کے شعبوں میں اٹیچمنٹ شامل ہے۔
زیر تربیت اے ایس پیز نےنیشنل پولیس اکیڈمی میں سہولتیں بہتر بنانے پروزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
ڈپٹی کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، چیف کمشنر اسلام آباد، ممبر انجنئیرنگ سی ڈی اے اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











