پی ڈی ایم اے پنجاب کا ہنگامی اجلاس، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اہم فیصلے

21

 

لاہور، 27 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس لاہور میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے دریائے چناب، ستلج اور راوی میں موجودہ سیلابی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کی خاطر تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دریائے چناب میں مرالہ اور دریائے راوی میں جسڑ کے مقامات پر انتہائی اونچے درجے کی خطرناک سیلابی صورتحال ہے، جس کے پیش نظر لاہور، شیخوپورہ اور ننکانہ میں شہریوں کو دریا کے پاٹ سے فوری انخلا کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ شہریوں کو جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور ریلیف کیمپس میں خوراک، صاف پانی اور ادویات سمیت تمام سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا کہ پی ڈی ایم اے صوبے بھر میں ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کی مسلسل کوآرڈینیشن کر رہا ہے اور تمام ڈپٹی کمشنرز و ضلعی انتظامیہ کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ سیالکوٹ میں غیر معمولی بارشوں کے باعث تمام تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ شہری گھروں میں موجود رہیں اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر معمولی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔