صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کا گجرات میں سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ

22

لاہور، 29 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سیلاب متاثرین کیلئے جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے گجرات پہنچے۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نور العین نے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تحصیل گجرات کے 83 مقامات بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں اور متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کے لیے 15 ریلیف کیمپ آپریشنل ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب کی غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے، یہ ایک قدرتی آفت ہے جس کا مقابلہ اجتماعی کوششوں سے ہی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال بارشیں زیادہ ہوئیں جبکہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوئی۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جلد سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کریں گی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی جبکہ مسلح افواج اور ریسکیو اداروں کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں۔ صوبائی وزیر نے فلڈ ریلیف کیمپ چک سدہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیلاب متاثرین میں امدادی اشیاء تقسیم کیں اور دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دریائے چناب کے بند کا معائنہ کیا اور پانی کے بہاؤ کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے افسران کو ضروری ہدایات بھی دیں۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ گجرات سٹی کے صدر علی ابرار جوڑا، مسلم لیگ یوتھ ونگ کے صدر کامران عثمانی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔