ملتان 31,اگست (اے پی پی ):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ملتان ڈویژن میں ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور سیلاب متاثرین کے انخلاء، ریلیف اور بحالی کے عمل میں بھرپور تیزی لائی گئی ہے۔کمشنر ملتان عامر کریم خاں کے مطابق ڈویژن بھر سے اب تک دو لاکھ اکسٹھ ہزار سات سو سینتالیس (261,747) سے زائد متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جن میں ملتان سے 238,419، وہاڑی سے 2,307، خانیوال سے 17,068 اور لودھراں سے 3,953 افراد شامل ہیں۔ اسی طرح اب تک دو لاکھ پچپن ہزار پانچ سو اڑتیس(255,538) مویشی بھی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیے گئے ہیں۔ڈویژن بھر میں 84 ریلیف کیمپس فعال کر دیے گئے ہیں، جن میں ملتان میں 25، وہاڑی میں 13، خانیوال میں 22 اور لودھراں میں 24 کیمپس قائم ہیں، جہاں متاثرین کو کھانے، پینے کے صاف پانی، طبی امداد اور دیگر سہولیات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ مویشیوں کے لیے چارہ اور پانی کی سہولیات بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ نشیبی اور متاثرہ علاقوں کی مسلسل نگرانی کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے تاکہ بروقت انخلاء اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی پانی اترے گا، نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا اور متاثرین کے نقصان کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے دن رات کام کر رہے ہیں اور مشکل وقت میں متاثرین کے تعاون سے ہی یہ اقدامات مزید مؤثر بنائے جا سکتے ہیں۔ جن شہریوں نے اب تک اپنے گھروں کو خالی نہیں کیا، ان کے پاس بھی ٹیمیں بار بار پہنچ کر انہیں قائل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ کسی قسم کے جانی نقصان سے بچا جا سکے