لاہور، 4 ستمبر (اے پی پی): محکمہ صحت پنجاب اور پی ایچ اے لاہور کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین اور وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ملاقات کی۔ ڈی جی پی ایچ اے لاہور راجہ منصور احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق محکمہ صحت کے “کلینک آن وہیلز” پروگرام کے تحت پی ایچ اے کے پارکس میں مالیوں کو مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ پی ایچ اے محکمہ صحت کے ہسپتالوں کو مفت ہارٹیکلچر کی سہولیات مہیا کرے گا۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ سرکاری اداروں کے مابین سہولیات کی فراہمی کے کلچر کو فروغ دیا جارہا ہے تاکہ ملازمین اور عوام دونوں اس سے استفادہ کرسکیں۔ وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ کلینک آن وہیلز کامیابی سے لوگوں کو ان کی دہلیز پر علاج کی سہولت فراہم کررہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔











