یوم دفاع و شہداء کے موقع پر آئی ایس پی آر نے نئی ڈاکیومنٹری جاری کر دی

11

اسلام آباد، 6 ستمبر ( اے پی پی): یوم دفاع و شہداء کے موقع پر آئی ایس پی آر نے 6 ستمبر 1965 کے حوالے سے نئی ڈاکیومنٹری جاری کر دی،  جس  میں جنگ ،ستمبر کے غازیوں کی لازوال داستان ان کی زبانی پیش کی گئی۔

میجر جنرل (ریٹائرڈ) زاہد محمود، ہلال امتیاز ملٹری کا کہنا تھا کہ ہم نے جنگ کے میدان میں رہ کر جنگ لڑی  اور نہایت سنگین حالات کا سامنا کیا ہے، دن کے اختتام پر جب دشمن سامنے ہو اور زندگی اور موت کا معاملہ درپیش ہو، تو بس  اللہ کے ساتھ تعلق رہتا ہے۔

ریٹائرڈ ائیر مارشل مسعود اختر ہلال امتیاز ملٹری نے بھی اپنے جذبات کا  خوبصورتی سے اظہار کیا اور کہا کہ یہی پاک فوج کی دلیری، جرات، حوصلہ اور یقین ہے۔

ڈاکیومنٹری میں بحری سرحدوں کے پاسبان رئیر ایڈمرل ریٹائرڈ فواد امین بیگ، ہلال امتیاز ملٹری نے دشمن کا عبرتناک انجام یاد دلایا، انہوں نے کہا کہ دشمن یہ جان گیا کہ اگر وہ اپنی قوت ہمارے پانیوں میں آزمانا چاہیں تو ان کا انجام سمندر کی تہہ میں دفن ہونا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر ایوب نے کہا تھا کہ دشمن کو معلوم ہی نہیں کہ اُس نے کس کو للکارا ہے، یہ دراصل پوری قوم کی آواز تھی۔ایک پوری قوم جنگ میں کودنے اور ہر قربانی دینے کو تیار تھی۔

پاکستانی مسلح افواج کا دفاع کا عہد محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک حلف ہے،پاک فوج کا مٹی سے لیا گیا حلف  پہچان اور عزم کی یاد دہانی ہے۔ڈاکیومنٹری میں پاک فوج کے ریاست کے ساتھ  تعلق اور دفاع کی خوبصورت عکاسی کی گئی۔