یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے جنوبی وزیرستان کے مختلف سکولز میں تقاریب کا انعقاد

13

 

اسلام آباد، 6 ستمبر ( اے پی پی ): یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے جنوبی وزیرستان کے مختلف سکولز میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔

 مختلف مقامات پر طلباء کے لیے “ایک دن پاک آرمی کے ساتھ” جیسی خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں، ان تقریبات میں چھوٹے اور بڑے  ہتھیاروں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جہاں طلباء نے نہ صرف ہتھیاروں کے بارے میں معلومات حاصل کیں بلکہ فوجی جوانوں سے براہِ راست تبادلہ خیال کا موقع بھی پایا۔

تقاریب میں پاک فوج کے آفیسرز اور جوانوں نے شرکت کر کے بچوں کی حوصلہ افزائی کی ۔بچوں نے پاک فوج کے ساتھ مل کر پرچم کشائی کی اور ملکی سلامتی کے لیے اجتماعی دعائیں کئیں ۔  طلباء و طالبات نے ملی جذبے سے بھرپور نغمے اور خوبصورت ٹیبلوز پیش کیے ۔

 تقریبات کا اختتام نمایاں کار کردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات کی تقسیم اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ ہوا۔