اسلام آباد، 6 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر کہا کہ پاک فوج ہمارا فخر ہے۔ انہوں نے دعائیہ کلمات میں کہا کہ اللہ تعالیٰ پاک فوج کے سربراہ، افسروں اور جوانوں کو کامیابیوں سے ہمکنار کرے اور انہیں ہمیشہ پاکستان کا پرچم بلند رکھنے کی ہمت اور توفیق عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے چند ماہ قبل دشمن کو شکست دے کر اس کے غرور کو پاش پاش کیا اور ایک طاقتور دشمن کے تکبر کو توڑ کر ملک کا نام روشن کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج نے پاکستان کو دنیا کے نقشے پر اجاگر کردیا ہے۔
سید مصطفیٰ کمال نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دعائیہ کلمات میں کہا کہ اللہ پاکستان کو ہمیشہ سلامت اور قائم دائم رکھے، پاک فوج کو ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنے کی ہمت اور حوصلہ عطا کرے اور پوری قوم کو امن کے دنوں میں بھی اپنی فوج کے شانہ بشانہ چلنے کا حوصلہ اور موقع دے۔











