‎ وزیراعظم کی زیر صدارت سیلابی صورتحال پر اجلاس، امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت

15

‎اسلام آباد، 8 ستمبر ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں حالیہ سیلابی صورتحال اور جاری ریسکیو و امدادی کارروائیوں کے حوالے سے  اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

‎اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے وزیراعظم کو ملک بھر کے دریاؤں میں طغیانی، سیلابی ریلوں کی موجودہ صورتحال اور متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کاموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

‎وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو ملک میں امدادی کارروائیوں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی طغیانی کے پیش نظر ہر ممکن پیشگی تیاری مکمل رکھی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

‎وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو دریاؤں کے کنارے واقع آبادیوں اور ممکنہ خطرے سے دوچار علاقوں میں بروقت اطلاع رسانی اور انخلاء کی پیشگی منصوبہ بندی پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی جانی نقصان سے بچنے کے لیے عوام کو وقت پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

‎وزیراعظم نے یہ بھی تاکید کی کہ این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں اور صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیوں کے ساتھ قریبی رابطہ اور مکمل تعاون برقرار رکھے تاکہ امدادی کارروائیاں مؤثر اور مربوط انداز میں جاری رہیں۔

‎وزیراعظم نے سیلاب کے دوران لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش کا عمل تیز کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔‎اجلاس کے دوران وزیراعظم کو ملک بھر میں سیلاب کے باعث نقل مکانی پر مجبور افراد، متاثرہ آبادیوں، اور جاری ریسکیو آپریشنز کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

‎بریفنگ میں بتایا گیا کہ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں واقع تریمو بیراج، پنجند بیراج، ہیڈ بلوکی، ہیڈ سدھنائی، گنڈا سنگھ والا، ہیڈ سلیمانکی اور ہیڈ اسلام کے مقامات پر شدید طغیانی کی صورتحال ہے، جس سے ملحقہ علاقوں میں خطرات لاحق ہیں۔

‎بریفنگ میں مزید بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان کے قافلے مسلسل روانہ کیے جا رہے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔