اسلام آباد ، 09 ستمبر ( اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری سے قازقستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ مراد نرتلیو نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صدر مملکت نے کہا پاکستان اور قازقستان کے تعلقات اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ نقطہ نظر پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط اور ادارہ جاتی تعاون خوش آئند ہیں، صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوا ہے، مزید وسعت دینا ہوگی، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت اور روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور بھی دینا ہو گا۔
صدر مملکت نے قازقستان کی خطے میں سڑک، ریل اور فضائی روابط میں شرکت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ براہِ راست فضائی روابط سے کاروباری اور عوامی تعلقات کو فروغ ملے گا، صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا پاکستان قازق صدر کے دورے کا منتظر ہے۔قازق صدر کا دورہ نئے مواقع پیدا کرے گا اور تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔
قازق وزیر خارجہ نے کہا ان کا دورہ قازق صدر کے آئندہ سرکاری دورے کی تیاری کا حصہ ہے۔قازق وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ شراکت داری مزید گہری کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔











