لاہور 09 ستمبر ( اے پی پی ) : سول سروسز اکیڈمی والٹن میں اقلیتی سی ایس ایس امیدواران کے لیے اورینٹیشن پروگرام کا آغاز،صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے دوسرے بیچ کے اورینٹیشن پروگرام کی افتتاحی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور فرید احمد تارڑ ڈی جی سول سروسز اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ سمیت بیوروکریٹس و سماجی شخصیات موجود تھے۔تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت ،بائبل مقدس، بھگوت گیتا اور گرو گرنتھ صاحب کے منتخب حصوں سے ہوا۔ڈی جی سول سروسز اکیڈمی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 50 اقلیتی امیدواران کو 8 ستمبر سے 3 اکتوبر تک تربیت فراہم کی جائے گی۔ پنجاب، سندھ، کے پی کے اور بلوچستان کے طلبہ پروگرام میں شامل ہیں ۔تربیت میں ماک ٹیسٹ، لیڈرشپ ڈویلپمنٹ اور سینئر سول سرونٹس کی مینٹورشپ شامل ہے ۔تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پروگرام اقلیتی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا اہم قدم ثابت ہوگا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں اقلیتوں کے لیے تاریخی اقدامات کیے گیے ۔پہلی بار اقلیتی طلبہ کے لیے سی ایس ایس تیاری کا خصوصی پلیٹ فارم فراہم کیا گیا۔ اقلیتی امور کے بجٹ میں نمایاں اضافہ، تعلیم و ہنر پر براہ راست خرچ کیا جا رہا ہےپنجاب حکومت اقلیتی نوجوانوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ شرکاء نے رمیش سنگھ اروڑہ کو سکھ میرج ایکٹ کے نفاذ اور انٹرفیتھ ہارمنی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ نے کہا کہ پروگرام کے تمام اخراجات محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور برداشت کر رہا ہے۔ مستقبل میں اسکالرشپس اور کیریئر کاؤنسلنگ پلیٹ فارمز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔تقریب میں طلبہ کی سرگرمیوں پر مبنی ڈاکیومنٹری دکھائی گئی حاضرین کی جانب سے ڈاکیومنٹری کو خوب پذیرائی ملی امیر خسرو، بابا گرو نانک اور میاں محمد بخش کے کلام بھی پیش کیے گئے۔تقریب میں امجد ثاقب، سابق بشپ عرفان جمیل، سہیل احمد رضا اور غلام جیلانی سابق بیوروکریٹس نیلسن عظیم، خالد محمود، خاقان محمود، سلیم رانجھا اور ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے بھی شرکت کی۔











