سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کا اجلاس، ورچوئل اثاثہ جات بل 2025 کے مسودہ میں متعدد ترامیم تجویز

9

اسلام آباد۔10ستمبر  (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات نے ورچوئل اثاثہ جات بل 2025 کے مسودہ میں موجود مختلف خامیوں اور تضادات کی نشاندہی کی ہے اور انہیں دور کرنے کے لیے متعدد ترامیم تجویز کی ہیں۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کا اجلاس بدھ کو یہاں  پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا جس میں بل پر تفصیلی بحث کی گئی۔کمیٹی  کو بتایا گیا کہ  اس قانون کا مقصد بین الاقوامی معیار کے مطابق ورچوئل ایسیٹس کو ریگولیٹ کرنا ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے واضح کیا کہ بل میں کسی قسم کی صوابدید شامل نہیں ہونی چاہیے بلکہ اسے صرف برابری کی بنیاد پر مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہونا چاہیے۔ انہوں نے کمپنیوں کی رجسٹریشن کے لیے آسان اور موثر طریقہ کار اپنانے پر زور دیا تاکہ سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکے۔کمیٹی نے طویل غور و فکر کے بعد مسودہ قانون میں موجود مختلف خامیوں اور تضادات کی نشاندہی کی اور انہیں دور کرنے کے لیے متعدد ترامیم تجویز کیں۔