لاہور، 10 ستمبر (اے پی پی): حکومت پنجاب نے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشنز میں ایک نیا باب رقم کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے جدید ائیر لفٹ ڈرون حاصل کر لیا ہے۔ یہ ڈرون اپنی نوعیت کا پہلا ایمرجنسی ڈرون ہے جو 200 کلوگرام وزنی شخص کو اٹھا کر محفوظ مقام تک منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ہدایت دی ہے کہ یہ ڈرون فوری طور پر ملتان بھجوایا جائے تاکہ جنوبی پنجاب میں سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کیا جا سکے۔ اس سے قبل سول ڈیفنس لاہور میں ڈرون کی کامیاب ٹیسٹ فلائٹس مکمل کی جا چکی ہیں۔ سیکرٹری داخلہ کے مطابق سول ڈیفنس کے لئے 10 مزید ائیر لفٹ ڈرونز خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ریسکیو سروسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون سروس کے ذریعے ناقابل رسائی اور خطرناک مقامات سے متاثرہ افراد کو محفوظ انداز میں ائیر لفٹ کیا جا سکے گا۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ سول ڈیفنس کے جوان سیلاب اور ہنگامی صورتحال میں فرنٹ لائن سولجرز کا کردار ادا کر رہے ہیں اور قیمتی انسانی جانیں بچا رہے ہیں۔ اس مقصد کے لئے محکمہ داخلہ “پنجاب سول ڈیفنس ریزیلئنس کور” کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہریوں کی بطور رضاکار رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور صرف رواں ہفتے 4000 سے زائد افراد نے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔ شہری اپنی صلاحیت کے مطابق سول ڈیفنس کا حصہ بن سکتے ہیں اور آن لائن پورٹل VCD.HOME.GOP.PK پر بطور رضاکار رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ جدید آلات اور تربیت کے ذریعے شہری دفاع کو عالمی معیار کے مطابق لایا جا رہا ہے۔











