حکومت پنجاب سیلاب متاثرہ عوام کو اس مشکل گھڑی میں ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی: خواجہ عمران نذیر

10

لاہور، 10 ستمبر (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے تحصیل کمالیہ اور پیر محل کا دورہ کیا اور متاثرہ علاقوں میں قائم ریلیف کیمپوں، فیلڈ ہسپتال اور شگاف والے مقامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو، ڈی پی او عبادت نثار اور اے ڈی سی ریونیو سید جمیل حیدر شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔  خواجہ عمران نذیر نے فیلڈ ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں اور ادویات کے ذخیرے کا جائزہ لیا، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے انہیں متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے ریلیف کیمپوں میں مقیم بچوں میں کھلونے، دودھ اور فروٹ بھی تقسیم کیے اور وہاں موجود متاثرین سے سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔ متاثرین نے حکومتی انتظامات پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مشکل وقت میں ان کا سہارا بنیں۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ سیلاب متاثرہ دیہاتوں میں لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو نقصانات کے ازالے کے لیے جامع تخمینہ لگانے کی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلیف کیمپوں میں کھانے، طبی سہولیات اور بچوں کی تعلیم کے انتظامات بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کلینک آن ویلز کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب متاثرہ عوام کو اس مشکل گھڑی میں ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی۔ خواجہ عمران نذیر نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام وزراء اور ضلعی انتظامیہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔