وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان سے  سی ای او ملت ٹریکٹرز کی ملاقات

19

اسلام آباد،11 ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان سے ملت ٹریکٹرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ملاقات کی، جس میں جامع ٹریکٹر پالیسی کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ریگولیٹری ڈیوٹیز، برآمدات اور ٹریکٹر انڈسٹری کو درپیش مسائل پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت حال ہی میں تیار کی گئی صنعتی پالیسی کے بعد اب ٹریکٹر پالیسی اگلا قدم ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پالیسی سازی کے عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے گا تاکہ پالیسی جامع اور مؤثر ہو۔

ٹر یکٹر انڈسٹری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ یہ کسانوں اور پاکستان کی زرعی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یہ پالیسی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اور عالمی معیار کے مطابق تیار کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ “ٹریکٹر انڈسٹری کے مسائل کا پائیدار حل صرف ایک طویل مدتی پالیسی فریم ورک میں مضمر ہے۔” ہارون اختر خان نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان ایک نئے صنعتی انقلاب کی جانب بڑھ رہا ہے۔