قطر پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستان قطر پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے ،ترجمان دفتر خارجہ

15

اسلام آباد،12ستمبر  (اے پی پی):  ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ قطر پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، پاکستان قطر پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے، وزیراعظم نے اسرائیلی اشتعال انگیزی کے خلاف امت مسلمہ کے متحد ہونے پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بروز جمعہ یہاں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان غزہ میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتا ہے، پاکستان تنازع فلسطین کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف قطر کا ہنگامی دورہ کیا، پاکستانی قوم برادر ملک قطر کے ساتھ کھڑی ہے، قطر پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستان اور صومالیہ کی درخواست پر ہنگامی اجلاس بلایا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملے سے متعلق پاکستان کا ردعمل واضح ہے، پاکستان حملے کی مذمت کرتا ہے اور قطر سے اظہار یکجہتی کرتا ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا جس میں مختلف دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔