اسسٹنٹ کمشنر اور کمشنر ملتان ڈویژن کے فلڈ متاثرہ علاقوں اور ریلیف کیمپس کے دورے

18

 

شجاع آباد 14، ستمبر (اے پی پی )؛اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سیدہ حمیرا شاہ نے رات گئے فلڈ بند کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ان متاثرہ افراد سے ملاقات کی جو اپنے گھروں کے سامنے کیمپ لگا کر مقیم ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے خواتین اور بچوں کی خیریت دریافت کی، کھانے پینے کے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر نے فلڈ ریلیف کیمپ طاہر پور کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کیمپ میں موجود تمام انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور اسٹاف کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس موقع پر انہیں انتظامات سے متعلق بریفنگ دی گئی جس کے بعد انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ کھانے پینے کے معاملے میں کسی قسم کی کمی نہ آنے پائے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ عوام کو سہولت فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے بھی شجاع آباد میں فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا۔ انہوں نے انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور کیمپس میں موجود متاثرہ افراد سے ملاقات کی۔ کمشنر نے خواتین اور بچوں کی خیریت دریافت کی، کھانے پینے کے انتظامات کے بارے میں معلومات لیں اور متاثرین کو ہر ممکن تعاون و سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔