پاکستان کا پہلا فعال ٹریڈ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیشن قائم

14

 

‎اسلام آباد، 14ستمبر ( اے پی پی): پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار تجارتی تنازعات کے حل کیلئے ایک مربوط اور فعال نظام کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ وزیرِ تجارت جام کمال خان کے ویژن کے تحت ٹریڈ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیشن کا باقاعدہ قیام عمل میں لایا گیا ہے، جو ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کیلئے ایک بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

‎کمیشن کا باضابطہ آغاز وزیرِ تجارت جام کمال خان کی قیادت میں ہوا، جسے حکومتی اصلاحات اور کاروباری ماحول کی بہتری کے حوالے سے ایک سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔رانا احسان افضل کے مطابق، کمیشن کے قیام اور فعال ہونے کا سہرا مکمل طور پر وزیرِ تجارت جام کمال خان کی وژنری قیادت کو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کمیشن حکومتی عزم اور اصلاحاتی ایجنڈے کا مظہر ہے۔

‎کمیشن کے قیام کے ساتھ ہی فوری طور پر اس کا دفتر، بجٹ اور آن لائن شکایتی پورٹل بھی قائم کر دیا گیا ہے، جو شکایات کے اندراج اور ان کے بروقت ازالے میں مدد فراہم کرے گا۔رِفعت انعام بٹ نے بتایا کہ ادارہ جلد ہی اپنے سروس اور فنانشل رولز کو بھی حتمی شکل دے گا۔عمر داد آفریدی نے اس پیش رفت کو تجارتی تنازعات کے حل کا “نیا شفاف باب” قرار دیا ۔