سیلاب زدگان کے لئے جلال پور پیر والا اور ملتان میں ریسکیو آپریشن تیز

27

ملتان،15 ستمبر (اے پی پی): تحصیل جلال پور پیر والا اور ملتان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو 1122 کا امدادی و انخلا (ایویکیویشن) آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں دن رات سرگرم عمل ہیں اور شہریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق تحصیل جلال پور پیر والا میں اب تک 22 ہزار 860 افراد اور 4 ہزار 130 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران علاقے سے مزید 1,396 افراد اور 766 جانوروں کو کامیابی سے ریسکیو کیا گیا۔اسی طرح تحصیل ملتان صدر و سٹی میں بھی مجموعی طور پر 9 ہزار 304 افراد اور 2 ہزار 998 جانوروں کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملتان صدر و سٹی سے مزید 34 افراد اور 14 جانور ایویکیویٹ کیے گئے۔متاثرہ علاقوں میں نوراجہ بھٹہ، بستی خان بیلہ، بستی جعفرہ، بستی بیٹھ کیچ، بستی پونٹا، بستی مہانہ سندیلہ اور بستی کرموں والی شامل ہیں جہاں ریسکیو 1122 کی ٹیمیں مسلسل امدادی کارروائیاں کر رہی ہیں۔ریسکیو اہلکار کشتیوں اور حفاظتی ساز و سامان کے ساتھ خواتین، بچوں اور بزرگوں کو ترجیحی بنیادوں پر محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ ریسکیو 1122 نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ اس آزمائش کی گھڑی میں انہیں ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور امدادی کارروائیاں مکمل ہونے تک جاری رہیں گی۔