وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے 12 روزہ انسدادِ سروائیکل کینسر ویکسینیشن مہم کا افتتاح کردیا

12

اسلام آباد، 15 ستمبر (اے پی پی ) وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے آج 12 روزہ انسدادِ سروائیکل کینسر ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ یہ مہم 15 ستمبر سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی اور اس کا دائرہ کار پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور آزاد کشمیر تک وسیع کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت سروائیکل کینسر سے بچاؤ کے لیے بھرپور اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔ 9 سے 14 سال کی بچیوں کے لیے یہ ویکسینیشن مہم اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں اور بہنوں کو اس موذی مرض سے بچانے کے لیے ویکسین لازمی لگوائیں۔

مصطفی کمال نے کہا بدقسمتی سے سروائیکل کینسر ویکسین کے حوالے سے جھوٹا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ والدین کسی منفی یا بے بنیاد مہم کا شکار نہ ہوں اور 9 سے 14 سال کی بچیوں کو ضرور ویکسین لگوائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی بیٹیوں کے محفوظ مستقبل کے لیے اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔ تمام ماؤں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں کی صحت اور زندگی کو فوقیت دیں۔ ہمارا کام آگاہی دینا ہے، اور ہم اپنی ذمے داری بخوبی نبھا رہے ہیں۔