کوئٹہ، 16 ستمبر(اے پی پی ): بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) کی جانب سے خالص اور معیاری دودھ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوئٹہ اور گردونواح میں خصوصی انسدادِ ملاوٹ مہم زور و شور سے جاری ہے۔ مہم کے دوران بلیلی، سملی، کرانی روڈ، بروری اور جان محمد روڈ پر دودھ فروشوں، سپلائرز اور دودھ بردار گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔انسپیکشن ٹیموں نے مجموعی طور پر 23 مراکز اور 31 دودھ بردار گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ چیکنگ کے دوران 1330 لیٹر ملاوٹی دودھ اور 350 کلو ناقص دہی تلف کر دی گئی جبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر 8 دودھ فروشوں اور ایک سپلائر پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔بی ایف اے کے مطابق 7320 لیٹر دودھ اور سینکڑوں کلو دہی کے نمونے موبائل لیبارٹریوں میں ٹیسٹ کیے گئے تاکہ صارفین تک پہنچنے والی مصنوعات کی خالصیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر سیکرٹری خوراک بلوچستان منظر جاوید علی نے کہا کہ عوام کو خالص اور معیاری دودھ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے یہ ملک ٹیسٹنگ مہم تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی۔











