لاہور، 17 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ٹیٹنس اور انسولین سمیت دیگر ادویات کی مارکیٹ میں دستیابی کو سختی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دوائیوں کی کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ڈسٹری بیوٹرز کے پاس ٹیٹنس انجیکشن وافر مقدار میں موجود ہیں جبکہ مارکیٹ میں کسی قسم کی کوئی شارٹیج نہیں ہے اور نہ ہی ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیٹنس کی دو میلین سے زائد ڈوزز آئندہ ایک ہفتے میں مزید تقسیم کی جائیں گی۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی نے کہا کہ انسولین بھی مارکیٹ میں مناسب اور وافر مقدار میں دستیاب ہے، انسولین سپلائی کرنے والی کمپنی کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی سطح پر قلت پیدا نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی طبی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ادویات کی بھاری مقدار میں خریداری عمل میں لائی گئی ہے، تاکہ متاثرہ افراد کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں انسولین کی تسلسل کے ساتھ فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔











