وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیرِ صدارت ڈریپ اجلاس، ادویات کے معیار کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے پر زور

10

اسلام آباد، 18 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کی زیرِ صدارت ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری صحت، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈریپ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر صحت کو سنٹرل ڈرگز لیبارٹری کی اپگریڈیشن اور ایکریڈیشن کے حصول سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ایکریڈیشن کا حصول ادویات کے معیار کی جانچ کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور قومی سطح پر ادویات کی حفاظت و مؤثریت کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔

اجلاس میں ڈریپ کی جانب سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے میچورٹی لیول 3 کے حصول کے لیے جاری اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے ہدایت دی کہ ڈریپ کو جلد از جلد ڈبلیو ایچ او میچورٹی لیول 3 کے معیار تک پہنچایا جائے تاکہ پاکستان میں ادویات کی رجسٹریشن، نگرانی اور معیار کی جانچ کا نظام بین الاقوامی معیارات کے مطابق ہو۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ڈریپ کی ادارہ جاتی صلاحیتوں میں اضافہ نہ صرف ملکی سطح پر صحت کے نظام کو مضبوط بنائے گا بلکہ عالمی سطح پر اعتماد سازی اور بین الاقوامی شراکت داریوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ڈریپ کو ایک بین الاقوامی معیار کی ریگولیٹری اتھارٹی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔