نیویارک، 19 ستمبر (اے پی پی): پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران پر پیش کردہ ای-10 قرارداد کی ناکامی انتہائی افسوسناک ہے۔ پاکستان نے ڈنمارک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا مگر ویٹو کے باعث کونسل بروقت اقدام نہ اٹھا سکی۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام مسلسل بمباری، بھوک، بیماری اور محاصرے کی اذیت سہہ رہے ہیں جبکہ اسپتال، اسکول اور بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے۔ اب تک 64 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 400 سے زیادہ افراد قحط سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق یہ انسانی المیہ دنیا کے سامنے براہِ راست وقوع پذیر ہو رہا ہے اور ہر لمحہ تاخیر فلسطینی عوام کی تکالیف میں اضافہ کر رہی ہے۔











