ڈی سی ملتان وسیم حامد سندھو نے سیلاب متاثرین کی گھروں کو واپسی کا عمل شروع کرنے کی ہدایت جاری کردی

15

ملتان19ستمبر )اے پی پی):ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے سیلابی پانی سے کلئیر ہونے والے علاقوں میں سیلاب متاثرین کی گھر واپسی کے عمل کے آغاز کی ہدایت کی ہے ۔ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے سیلاب متاثرین کی گھروں کو واپسی کا عمل شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلالپور پیر والہ اور صدر کے کچھ علاقوں میں پانی اترنے اور علاقے کلیئر ہونے کے بعد متاثرہ مکینوں کو گھروں میں جانے کی اجازت دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شجاع آباد اور ملحقہ فلڈ بندوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سی پی او صادق علی ڈوگر بھی انکے ہمراہ تھے ، ڈپٹی کمشنر نے سیلابی نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد حمیرا شاہ نے امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی۔وسیم حامد سندھو نے کہا کہ سیلاب کے بعد تمام گھروں کی مکمل ٹیکنیکل انسپکشن کی جائے گی تاکہ متاثرہ مکانات محفوظ قرار پانے کے بعد ہی رہائشی واپس جاسکیں۔ واپسی کرنے والے متاثرین کی ویکسینیشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق سٹی، صدر اور شجاع آباد کی خیمہ بستیوں میں مقیم بیشتر خاندان گھروں کو واپس لوٹ رہے ہیں، جبکہ جلالپور پیر والہ میں حالات معمول پر آنے تک فلڈ ریلیف کیمپس قائم رہیں گے۔انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کر دیا کہ ستلج کے نکاس کے لیے موٹر وے پر شگاف ڈالا جارہا ہے اور کہا کہ ایسی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔