وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی نیویارک میں عرب و اسلامی وزرائے خارجہ کے مشاورتی اجلاس میں شرکت

15

نیویارک۔22ستمبر  (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کو یہاں قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی کی میزبانی میں منعقدہ مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں اردن اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزرائے اعظم جبکہ مصر، انڈونیشیا، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے بھی شرکت کی۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بعض اہم امور پر مشترکہ حکمت عملی کے لئے آراء کا تبادلہ اور ہم آہنگی ظاہر کی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور اسلامی ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کو مشرق وسطیٰ کے اپنے مسلمان بھائیوں سے گہری محبت ہے اور وہ امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لئے کی جانے والی تمام مثبت کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔