اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت وپیداوار ہارون اختر خان نے کہاہے کہ چین کے سرمایہ کاروں کوہرقسم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،چینی سرمایہ کاروں کے لیے ویزہ پالیسی بہتر بنائی گئی ہے اور اب وزٹ اور بزنس ویزہ 24 سے 72 گھنٹوں کے اندر جاری کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات پیرکویہاں چینی لیپ ٹاپ بنانے والی کمپنی ایچ وائی ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں پاکستان میں لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹس کی صنعت قائم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چین کی مذکورہ کمپنی لیپ ٹاپ، فنگر پرنٹ ڈیوائسز اور ٹیبلٹس تیار کرنے میں مہارت رکھتی ہے۔ ملاقات کے دوران ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت ہے کہ چینی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چینی سرمایہ کار وں کوسہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ان کی سرمایہ کاری پاکستان میں مکمل طور پر محفوظ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت حکومت پاکستان ایک موبائل ڈیوائس پالیسی متعارف کروائے گی جس میں لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹس کو بھی شامل کیا جائے گا۔ سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے بتایا کہ چینی سرمایہ کاروں کے لیے ویزہ پالیسی بہتر بنائی گئی ہے اور اب وزٹ اور بزنس ویزہ 24 سے 72 گھنٹوں کے اندر جاری کیا جا رہا ہے۔ ہارون اختر خان نے پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ کمپنی کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ پاکستان میں یہ منصوبہ کامیابی سے آگے مکمل کیاجاسکے۔











