وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک سے اقوامِ متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی ملاقات، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے میں معاونت پر اظہار خیال

13

اسلام آباد، 23 ستمبر ( اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے اقوامِ متحدہ کے پاکستان میں ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر و ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔

ملاقات میں اقوامِ متحدہ کے پاکستان میں جاری بڑے پیمانے پر پروگرامز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس دوران ان پروگرامز کے دائرہ کار، عمل درآمد کی حکمتِ عملی، اثرات اور مستقبل کی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ موسمیاتی موافقت، تخفیف اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

ملاقات کے دوران  محمد یحییٰ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اس وقت اقوامِ متحدہ کے 24 ادارے پاکستان میں کام کر رہے ہیں جن کی اولین ترجیح پاکستان کی ترقی و استحکام کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

 محمد یحییٰ نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقوامِ متحدہ پاکستان کے موسمیاتی ایجنڈے کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور حکومتِ پاکستان کے ساتھ قریبی اشتراکِ عمل کے ذریعے ماحولیاتی پائیداری ک کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھائے گا۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے اقوامِ متحدہ کی مسلسل شراکت داری کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ حکومتِ پاکستان ایسے اشتراکی ڈھانچوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے جن سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ کمیونٹیز کے لیے ٹھوس اور نمایاں نتائج برآمد ہوں۔