ملتان،ڈائریکٹر آپریشنز جنوبی زبیر اعجاز کی سربراہی میں غیر معیاری خوراک کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری

14

ملتان24 ستمبر (اے پی پی ):ڈائریکٹر آپریشنز جنوبی زبیر اعجاز کی سربراہی میں غیر معیاری خوراک کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ملتان کے مختلف علاقوں میں گرینڈ آپریشن کیا گیا، جس دوران معروف ریسٹورنٹس، واٹر پلانٹس، ملک شاپس سمیت 20 فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کی گئی۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ سیفٹی ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر 16 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 7 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 2 فوڈ پوائنٹس کی اصلاح تک پروڈکشن بند کروا دی گئی ہے۔ اس دوران 640 ساشے ممنوعہ گٹکا، 120 لیٹر ملاوٹی دودھ اور 70 کلو زائد المیعاد اشیاء تلف کردی گئیں۔کارروائیاں گلشن مارکیٹ، قادرپور راں بائی پاس، متی تل روڈ، پرانا شجاع آباد روڈ، دولت گیٹ اور انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت دیگر علاقوں میں عمل میں لائی گئیں۔ راواں بائی پاس کے معروف ریسٹورنٹ کو خوراک میں کھلے مصالحہ جات اور ممنوعہ اجزاء کے استعمال پر 2 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ گلگشت کالونی کے ایک ریسٹورنٹ کو باسی سبزیوں کے استعمال اور فریزر میں حشرات پائے جانے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔اسی طرح پان شاپس اور کریانہ اسٹورز پر ممنوعہ گٹکا فروخت کرنے پر بھاری جرمانے جبکہ 4 فوڈ مینوفیکچرنگ یونٹس کو صفائی کے ناقص انتظامات اور ممنوعہ اجزاء کے استعمال پر فی کس 50 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا ہے کہ خوراک کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل کو چیک کیا جارہا ہے تاکہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک فراہم کی جاسکے۔