خاندانی منصوبہ بندی کے عالمی دن کی مناسبت سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں آگاہی سیمینار کا انعقاد

32

ملتان 24 ستمبر )اے پی پی):خاندانی منصوبہ بندی کے عالمی دن کی مناسبت سے  شعبہ امراض نسواں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے گزشتہ روز نشتر ہسپتال آڈیٹوریم  میں ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد بڑھتی آبادی، تولیدی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے آگاہی دینا تھا۔ مقررین میں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی اور ایسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ امراض نسواں ڈاکٹر شاہد پروین جبکہ پینل اف ایکسپرٹ میں پروفیسر ڈاکٹر سیدہ علی اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر راشدہ پروین شامل تھی۔ دیگر شرکاء میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران، ڈاکٹرز، نرسز اور پوسٹ گریجویٹ طلباوطالبات کی کثیر تعداد شامل تھی. ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ پروین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی کا مقصد ہرگز یہ نہیں کہ  بچے پیدا نہ کیے جائیں، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ بچے آپ کی سہولت اور مناسب وقت کے مطابق پیدا ہوں اور اس کا اصل ہدف خواتین کی صحت میں بہتری لانا اور حمل کے دوران اموات کی شرح کو کم کرنا ہے۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے  خاندانی منصوبہ بندی، تولیدی صحت اور مانع حمل طریقہ کار کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آبادی پر قابو پانے اور ماں و بچے کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے محفوظ مانع حمل طریقے اپنانا نہایت ضروری ہے۔ انکا مزید کہنا تھا  کہ نوجوان نسل میں آگاہی پھیلانا وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہ درست فیصلے کر سکیں اور نشتر میڈیکل یونیورسٹی ایسے پروگرامز کے ذریعے معاشرتی شعور کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ سیمینار کے دوران طلبہ و شرکاء نے سوالات کیے جن کے جوابات وہاں موجود ماہرین نے دیے۔  تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آگاہی پروگراموں کے تسلسل سے ہی صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔