وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت ٹریکٹر مینوفیکچررز کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس

12

اسلام آباد، 25 ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے ٹریکٹر مینوفیکچررز کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پرائیویٹ ٹریکٹر انویسٹرز، مارگلہ ہیوی انڈسٹریز لمیٹڈ، ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا اور گرین کارپوریٹ انیشی ایٹوز کے نمائندے شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران پاکستان میں 57 سے 80 ہارس پاور بیلاروس ٹریکٹرز کی اسمبلی لائن قائم کرنے کے امکانات پر غور کیا گیا۔ ہارون اختر خان نے اس موقع پر کہا کہ بیلاروس کے ساتھ ٹریکٹرز پر معاہدہ ملکی زراعت اور کسانوں کے لیے زیادہ پیداوار کا باعث بنے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ ہارس پاور ٹریکٹرز کے لیے مقامی سی کے ڈی پلانٹ بنانے کی خاطر سرمایہ کاری کو یقینی بنایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق آئندہ پانچ برس میں 2800 یونٹس کا مارکیٹ پوٹینشل موجود ہے، جبکہ کچھ سرمایہ کار بیلاروس ٹریکٹرز میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ ہارون اختر خان نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ اس منصوبے میں مزید آگے بڑھیں اور سرمایہ کاری کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعاون ٹریکٹر اسمبلی کے شعبے میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔