وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت اجلاس،ملک میں ایکسپو کم ڈسپلے سینٹرز کے قیام کا فیصلہ

16

اسلام آباد، 25 ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں ایکسپو کم ڈسپلے سینٹرز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سی ای او پاکستان ایکسپو سینٹر نے وزیرِ تجارت کو تفصیلی بریفنگ دی۔

جام کمال خان نے ہدایت دی کہ کوئٹہ ایکسپو سینٹر کے لیے نیا رقبہ حاصل کیا جائے، جس کا پہلا فوکس اسلام آباد اور دوسرا کوئٹہ ہوگا۔ اس مقصد کے لیے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں ممکنہ مقامات کا جائزہ لینے کی تجویز دی گئی جبکہ کوئٹہ سینٹر کے لیے ایئرپورٹ کے قریب رقبہ رکھنے کا پلان بھی پیش کیا گیا تاکہ بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولت مل سکے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبوں اور سی ڈی اے سے زمین کی فراہمی کی درخواست کر دی گئی ہے، جبکہ سیالکوٹ اور فیصل آباد نے مقامات پیش کر دیے ہیں۔ مزید یہ کہ سکھر، حیدرآباد اور کوئٹہ کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ وزیرِ تجارت نے کہا کہ جدید ایکسپو سینٹرز کے قیام سے برآمدات میں نیا بوم آئے گا اور چھوٹے شہروں میں ایکسپو سینٹرز کا نیٹ ورک تیار ہوگا۔

گورننس کو بہتر بنانے کے لیے نئے بورڈ کی تیاری پر بھی اتفاق کیا گیا۔