چیئرمین پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت محمد منتہا اشرف کی جانب سے خصوصی تقریب کا اہتمام

21

لاہور، 26 ستمبر (اے پی پی): چیئرمین پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت  محمد منتہا اشرف کی جانب سے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں چین، ترکیہ اور ایران کے قونصل جنرلز سمیت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں چینی قونصل جنرل ژاؤ شیران، ترکیہ کے قونصل جنرل محمد ایمن شمشیک، ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر، سیکریٹری انڈسٹریز عمر مسعود، پنجاب بینک کے صدر ظفر مسعود، اور چنگ چی موٹرز کے سی ای او نِنگ فنگلی سمیت کاروباری برادری اور پالیسی سازوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ چینی قونصل خانے کے کمرشل وائس قونصل لی ہاؤ تنگ اور سرمایہ کاروں کی کثیر تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ شرکاء نے صنعتی فروغ، معاشی ترقی اور پنجاب میں نئی سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی۔ چیئرمین پی بی آئی ٹی محمد منتہا اشرف نے شرکاء کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے کو سرمایہ کاری کا مرکز بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے چین میں بی ٹو بی کانفرنس کے مثبت نتائج کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ اس سے پنجاب اور چین کے سرمایہ کاروں کے درمیان نئی شراکت داریوں کی راہیں کھلی ہیں۔ سفارتی نمائندوں نے پنجاب کے ساتھ اسٹریٹیجک تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ چینی کمپنیوں نے صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی۔ تقریب میں مستقبل کی معاشی پالیسیوں اور شراکت داریوں کے نئے راستے ہموار کرنے پر زور دیا گیا۔