بریشیا، 27 ستمبر ( اے پی پی): اٹلی میں معرکہ حق انٹرنیشنل سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں چئیرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر ستارہ خدمت، نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ معرکہ حق کی صدارت چوہدری قیصر بشیر کنگ نے کی۔
ہال میں پاکستان کے سبز ہلالی پرچموں کی بہار اور پاکستان زندہ باد اور سید عاصم منیر زندہ باد،پاک فوج زندہ باد کےپر جوش نعرے لگائے گئے،اور پاکستان اور پاک فوج سے اپنی محبت وعقیدت کا اظہار کیا۔
سیمینار کا آغاز تلاوت قراآن سے ہوا،جبکہ بعد میں پاکستان اور اٹلی کے قومی ترانے بجائے گئے ۔
تمام مقررین نے پاکستان سے محبت اور افواج پاکستان سے دلی وابستگی کا اظہار کیااور فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم کیا۔
سیمینار کے مہمان خصوصی چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے معرکہ حق انٹرنیشنل سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
پاکستان کا قیام “لا الہ الا اللہ محمد الرسول اللہ” کی بنیاد پر عمل میں آیا اور ربِ کائنات نے ہمیشہ اس ملک کی حفاظت کی ہے۔بھارت کی جانب سے پروپیگنڈا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان پر حملے کی کوشش بھی کی گئی، لیکن عالمی سطح پر اس کا اصل چہرہ بے نقاب ہوا۔
انہوں نے پاکستان پر ہونے والے مبینہ حملوں اور عالمی سطح پر پروپیگنڈے کے خلاف سخت احتجاج کیا اور فوج، مذہب اور قومی یکجہتی پر زور دیا۔
چوہدری لوہسر نے کہا کہ جب 10 مئی 2025 کی رات پاکستان کے خلاف ایک مہم چلائی گئی تو بعض عالمی اور علاقائی قوتوں نے مل کر ملک کو بدنام کرنے کی کوشش لیکن ہماری فوج نے اس کا منہ توڑ جواب دیا اور اس جذبے کو قوم کی وحدت کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض افراد اور ریاستی حلقوں نے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، مگر پاکستان نے ثابت قدمی سے مقابلہ کیا۔
چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کہا کہ ہمارے اندر ہزار اختلافات ہوں، مگر جب ملک کا دفاع درکار ہو ہم ایک ہیں ،پاکستان کے لیے جان نچھاور کرنے والے افراد اور ان کے اہلِ خانہ قوم کی عظیم مثال ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اختلافات کے باوجود جب ملک کا دفاع درکار ہوتا ہے تو قوم ایک ہوتی ہے اور ایک صف میں کھڑی ہو کر اپنے وطن کا دفاع کرتی ہے۔
پاکستان کی فوج، فضائیہ اور عوام نے جو کردار ادا کیا وہ قابلِ فخر ہے اور قوم کو اسی جذبے کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی شناسائی اور عزت کی حفاظت کے لیے ہر سطح پر یکجہتی لازمی ہے۔ انہوں نے سامعین کو یقین دہانی کرائی کہ قومی اور مذہبی اقدار کو برقرار رکھنے کی پوری صلاحیت موجود ہے۔
سیمینار کے اختتام پر افواج پاکستان کے تمام شہدا کے لئے بلندی درجات کی دعا کی گئی-











