پاکستان معیشت ،خارجہ تعلقات اور دفاع سمیت تمام محاذوں پر تیزی سے ترقی کر رہا ہے،وزیراعظم شہبازشریف

39

 

‎لندن،28ستمبر  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان معیشت ،خارجہ تعلقات اور دفاع سمیت تمام محاذوں پر تیزی سے ترقی کر رہا ہے، معاشی استحکام حاصل کر لیا، اب ملک معاشی  ترقی کی طرف بڑھے گا۔

‎لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے دورے کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  ہم تعاون، مشاورت، خلوص، مسلسل کوششوں اور فکر و عمل کے اتحاد سے ہر مشکل پر قابو پا سکتے ہیں اور ترقی کر سکتے ہیں، پاکستان نے قوموں کی برادری میں وقار اور احترام حاصل کیا ہے۔

‎  انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر میں ،میں نے پاکستانی عوام کی نمائندگی کی، ان کا مقدمہ پیش کیا اور ان کے جذبات کی عکاسی کی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اپنی تقریر میں انہوں نے کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام ایک دن اپنی آزادی کی منزل حاصل کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غزہ کے لوگ جس ظلم و بربریت کا سامنا کر رہے ہیں اس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں عرب، اسلامی ممالک سے مشاورت غزہ کے معاملے پر حوصلہ افزا نتائج پیدا کرے گی۔ انہوں نے غزہ میں امن اور ظلم کے خاتمے کیلئے بھی دعا کی۔

‎وزیراعظم نے کہا کہ ان کی واشنگٹن میں صدر ٹرمپ کے ساتھ تعمیری اور کارآمد ملاقات دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ ملاقات امریکہ کے ساتھ مزید بہتر تعلقات کا سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، وہ پاکستان کے عظیم سفیر ہیں اور وہ اپنے ملک کی جانفشانی سے خدمت کر رہے ہیں۔

‎اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹرمحمداسحاق ڈار نے کہا کہ پانچ عرب ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، اردن اور مصر اور تین غیر عرب مسلم ممالک پاکستان، ترکیہ  اور انڈونیشیا سمیت آٹھ ممالک کے سربراہان نے امریکی صدر کے ساتھ ملاقات کی اور غزہ کے مسئلے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی ملاقات کے بعد بھی ملاقاتیں جاری رہیں اور اس سے غزہ کے معاملے پر مثبت نتائج برآمد ہوں گے، جو قوم کے ساتھ شیئر کئے جائیں گے۔

‎اسحاق ڈار نے کہا کہ  پاکستانی وفد نے کشمیر، فلسطین اور غزہ کے مسائل بین الاقوامی برادری کے سامنے اٹھائے۔   انہوں نے مزید کہا کہ جیسے جیسے پاکستان ترقی کرے گا ،اس سے غربت ختم ہوگی، ترقی ہوگی اور عوام کی فی کس آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو آگے لے جانے کی کوشش کر رہی ہے، پاکستان کی ترقی نظر آ رہی ہے اور دنیا اسے تسلیم کر رہی ہے۔بعد ازاں وزیراعظم نے پاکستان ہائی کمیشن میں مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔