جلال پور پیر والا ،01 اکتوبر(اے پی پی ): ریسکیو 1122 کی ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں دن رات سرگرم عمل ہیں، بستی بہادر پور، موزہ کنو، بستی نور، راجہ بٹا اور اس کے گردونواح میں ٹرانسپورٹیشن کا عمل جاری ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جلال پور پیر والا میں 560 لوگوں کو ٹرانسپورٹیشن دی گئی، اب تک مجموعی طور پر 24 ہزار 942 افراد، 9 ہزار 765 ٹرانسپورٹیشن اور 5 ہزار 114 جانور محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق جلال پور پیر والا میں ایویکوایشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور اس وقت صرف ٹرانسپورٹیشن جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف این جی اوز کی جانب سے ریسکیو 1122 کی کشتیوں کے ذریعے متاثرہ لوگوں کو فوڈ ڈسٹریبیوشن بھی کی جا رہی ہے، جبکہ مقامی افراد بھی اپنے گھروں میں موجود سامان کی حفاظت کرنے والے لوگوں تک کھانا اور ضروری اشیاء پہنچا رہے ہیں۔
ریسکیو اہلکار کشتیوں اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ بچوں، خواتین اور بزرگوں کو ترجیحی بنیادوں پر محفوظ مقامات تک پہنچا رہے ہیں۔ ریسکیو 1122 عوام کو یقین دلاتا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔











