نجی سیکٹر کے تعاون سے بلا معاوضہ کھانے کی فراہمی،”من و سلویٰ” منصوبے کا افتتاح

22

 

ملتان، 01 اکتوبر (اے پی پی ): ڈویژنل انتظامیہ نے مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کی فلاح و بہبود کے لئے منفرد اقدام اٹھاتے ہوئے نجی سیکٹر کے تعاون سے بلا معاوضہ کھانے کی فراہمی کا منصوبہ متعارف کرادیا ہے۔ کمشنر ملتان عامر کریم خان نے اس منصوبے کو “من و سلویٰ” کا نام دیتے ہوئے اس کا افتتاح کیا۔

کمشنر نے کہا کہ من و سلویٰ کے تحت فریزر میں کھانا محفوظ کرکے ضرورت مندوں کو فراہم کیا جائے گا۔ شہری اپنا بچا ہوا صاف ستھرا کھانا ڈبوں میں ڈال کر فریزر میں رکھ سکیں گےجبکہ مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ اپنی ضرورت کا کھانا باعزت طریقے سے حاصل کر سکے گا۔ اس اقدام سے روزمرہ کے اخراجات میں کمی آئے گی۔

 کمشنر نے بتایا کہ منصوبے کے تحت ہر فریزر کو بجلی اور گارڈ کی سہولت دی جائے گی تاکہ شہری بلا خوف و خطر مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر شہر میں بیس سے پچیس پوائنٹس قائم ہو گئے تو سینکڑوں خاندان روزانہ بھوک سے بچ سکیں گے۔

کمشنر عامر کریم خان نے کہا کہ کئی مخیر حضرات تازہ کھانے کی فراہمی میں بھی شریک ہوں گے اور بزنس کمیونٹی بڑھ چڑھ کر اس منصوبے میں حصہ لے رہی ہے۔ مزید فریزر جلد مختلف کالونیوں اور علاقوں میں نصب کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ رزق کے ضیاع کو روکنے،بھکاریوں کی حوصلہ شکنی اور جرائم کے خاتمے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ دنیا بھر میں روزانہ لاکھوں ٹن کھانا ضائع ہوتا ہے،  “من و سلویٰ” اس ضیاع کو کم کرنے اور بھوک مٹانے کی ایک عملی مثال ہے۔