اسلام آباد، 03 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت ڈینگی کی موجودہ صورتحال پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز، انسدادی اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری اور مربوط اقدامات پر زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈینگی وائرس سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات جاری ہیں اور اس کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی کے ساتھ عوامی سطح پر فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام ہسپتالوں میں بخار کے مریضوں کے لیے الگ کاؤنٹرز قائم کیے جائیں تاکہ مشتبہ مریضوں کی فوری تشخیص اور علاج ممکن بنایا جا سکے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈینگی سے نمٹنے کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جن کی ذمہ داریاں متعلقہ اراکینِ قومی اسمبلی کے تحت ہوں گی تاکہ فیلڈ ورک میں بہتر کوآرڈینیشن اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر رکنِ قومی اسمبلی راجہ خرم شہزاد نواز اور انجم عقیل خان کے علاوہ وفاقی سیکرٹری صحت، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، ضلعی ہیلتھ افسران اور ہسپتالوں کے سربراہان بھی شریک تھے جنہوں نے اپنے اپنے اداروں کی تیاری اور اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔











